درس 01

ماہِ مبارک کی آمد
آج یکم رمضان البارک ہے ۔اللّٰہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر کہ اُس نے ایک بار پھر ہمیں اس ماہِ مبارک کی یہ مبارک ساعتیں نصیب فرمائی ہیں ۔پچھلے سال کے رمضان المبارک پر نظر ڈالیں تو کتنے ہمارے رشتہ دار،دوست ،احباب ہیں جو ہمارے ساتھ تھے ،اب وہ اس دنیا میں موجود نہیں ہیں ۔اللّٰہ تعالیٰ ہمیں اس ماہِ مبارک کی قدر دانی کی توفیق عنایت فرمائے ۔آمین ۔میرے عزیزو! یہ مبارک ماہ ہے ،حضور نبی پاک صلی اللّٰہ علیہ وسلم ماہِ رجب سے اس کا انتظار فرماتے ۔حدیث شریف میں ہے کہ جب رجب کا چاند نظر آتا تو رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم یہ دعا فرماتے :
حضرت انس بن مالک رضی اللّٰہ عنہ سے روایت ہے کہ جب رجب کا مہینہ آتا تو آپؐ یہ دعا فرماتے :
اَللّٰھُمَّ بَارِکْ لَنَا فِیْ رَجَبَ وَشَعْبَانَ وَ بَلِّغْنَا رَمَضَانَ۔
اے اللہ!ہمارے لئے رجب اور شعبان کے مہینوں میں برکت عطا فرما اور ہمیں رمضان کے مہینے تک پہنچا دیجئے۔
یعنی ہماری عمر اتنی دراز کردیجئے کہ ہمیں رمضان المبارک کا مہینہ اور مبارک ماہ کی سعادتیں حاصل ہو جائیں ۔اندازہ لگائیں کہ دو ماہ پہلے اس مہینہ کا انتظار اور اشتیاق ہے ۔رمضان المبارک کا اس قدر انتظار اور اشتیاق کیوں ہے ؟ علماء کرام اس کی وجہ بتاتے ہیں کہ اصل میں اس ماہ مبارک کو اللّٰہ تعالیٰ نے اپنا مہینہ فرمایا ہے ۔اس مہینہ کی نسبت اللّٰہ تعالیٰ نے اپنی طرف فرمائی ہے ۔اللّٰہ تعالیٰ چاہتے ہیں کہ میرا بندہ میرے قریب آجائے ۔گیارہ مہینے تک یہ بندہ دنیا کی دوڑ دھوپ میں لگا رہا ،مجھ سے دُور رہا ،غفلت میں رہا ۔اب میرا بندہ میرے قریب ہوجائے ۔لہٰذا اس مہینہ کو ٹھیک ٹھیک گزارا جائے ۔اس کی قدر دانی کی جائے تو بندہ اللّٰہ تعالیٰ کے قریب ہوجاتا ہے ۔حدیث شریف میں آتا ہے کہ جب رمضان کا مہینہ آتا تورسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم حضرات صحابہ کرام رضی اللّٰہ عنہم کو رمضان المبارک کے آنے کی بشارت دیتے۔اس کے فضائل بتاتے ۔اس کی اہمیت بتاتے ۔اس کے روزہ کی ترغیب دیتے ۔اپنے صحابہ کرام رضی اللّٰہ عنہم کو یہ دعا سکھاتے:
اَللّٰھُمَّ سَلِّمْنِیْ لِرَمَضَانَ وَ سَلِّمْ رَمَضَانَ لِیْ وَسَلِّمْہُ لِیْ مُتَقَبَّلًا۔
اے اللہ! ہمیں رمضان میں سلامتی عطا فرما ،رمضان کو مجھ سے سلامتی عطا فرما ،اور اس کو میرے لئے سلامتی کے ساتھ قبول فرما۔
ایک روایت میں یہ بھی آیا ہے کہ اگر لو گ جان لیں کہ رمضان میں کیا برکتیں اور خوبیاں ہیں تو تمنا کریں کہ تمام سال رمضان رہے۔تو میرے عزیزو! یہ مہینہ مبارک ہے ۔اس کے دن اور رات مبارک ہیں۔ اس کے گھنٹے اور منٹ، سیکنڈ مبارک ہیں۔ ا س کی ہر گھڑی اور ہر لحظہ ایمان والوں کے لیے مبارک ہے۔لہٰذا اس مبارک ماہ کی قدر کریں اور خوب سے خوب اعمالِ صالحہ کی کوشش کریں ۔اللّٰہ تعالیٰ ہم سب کو اس ماہ کی قدر دانی کی توفیق نصیب فرمائے آمین ثم آمین ۔