’’روضہ خاخ‘‘ سیرت کا تاریخی، مقدس ویادگار مقام

فتح  مکہ کے لئےرسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مکہ مکرمہ کی طر ف خفیہ پیش قدمی کی تیاری فرمائی۔اسی دروان ایک مجاہد صحابی حضرت حاطب رضی اللہ عنہ سے اجتہادی غلطی ہوگئی کہ اُنہوں نے یہ اطلاع دینے کے لئے ایک خط مشرکین کے نام لکھا اور خفیہ طریقہ سے ایک عورت کے ذریعہ بھجوادیا مگر  آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو وحی کے ذریعہ معلوم ہوگیا اور علی، طلحہ،زبیررضی اللہ عنہم وغیرہ کو بھیج کر خط پکڑ لیا گیا۔ یہ صحابی بدر ی تھے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اُن سے وجہ پوچھی تو اُنہوں نے سچ بتایا: یا رسول اللہ! مکہ مکرمہ میں میرے اہل وعیال بالکل اکیلے ہیں۔میرا کوئی قبیلہ، رشتہ دار وہاں نہیں ہے۔ میں نے سوچا کہ قریش پر احسان کروں تاکہ وہ میرے اہل وعیال کا خیال رکھیں۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابی رضی اللہ عنہ کی یہ غلطی معاف فرمادی۔ (صحیح البخاری)

اس مقدس مقام پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور اصحاب رضی اللہ عنہم کے قدم مبارک لگے۔یوں یہ ٹکڑا مقدس ومحترم ،تاریخی اور محبوب ہوگیا۔ مدینہ منورہ سے جب مکہ مکرمہ کی طرف سفر ہورہا ہو تومدینہ منورہ سے تقریباًپچیس[25] کلومیٹر کے فاصلے پرسڑک سے بائیں ہاتھ پر’’روضۃ خاخ‘‘ کا محل وقوع ہے اور جب مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ کا سفر ہوتو یہ تاریخی مقام سڑک کے دائیں جانب پڑتا ہے۔ سڑک سے بھی اس کی زیارت کی جاسکتی ہے۔آج کل اس علاقہ کو باڑ لگاکر محفوظ کردیا گیا ہے اور اس باؤنڈری کے اندرایک کتبہ اس مقام کی تاریخ اور تعارف کے طور پر لگایا گیا ہے۔آپ جب مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ سفر کررہے ہوں تو اگر ممکن ہو اور اپنی گاڑی ہوتو سڑک سے نیچے جاکرضرور اس مقام کی زیارت کریں ،ورنہ سڑک سے گزرتےہوئے اس مقام کی زیارت کرتے جائیں۔ مدینہ منورہ میں مقیم ہمارے عزیز دوست ،آثارِ سیرت کے عاشق ابو مصعب عبد الباسط حفظہ اللہ کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس مقام کی زیارت نصیب فرمائی ۔فجزاہ اللہ تعالیٰ خیرا ً ،آمین۔