مسجد نبوی میں سب سے پہلے چراغ ،روشنی کرنے والے صحابی کانام؟
ان کا نام حضرت تمیم داری رضی اللہ عنہ تھا۔ شام کے رہنے والے تھے۔ قبیلہ لخم سے نسبی تعلق تھا اور مذہبا ًعیسائی تھے ۔ اسلام لانے کے بعدجتنے غزوات پیش آئے سب میں شریک ہوئے۔ یہ جب شام سے مدینہ منورہ آئے تو اپنے ساتھ کچھ قندیلیں اور تیل بھی لیتے آئے۔ مدینہ پہنچ کر قندیلوں میں تیل ڈال کر مسجد نبوی میں لٹکادیں اور جب شام ہوئی تو اُنہوں نے اُنہیں جلا دیااورمسجد نبوی میں روشنی ہوگئی،اس سے پہلے مسجد نبوی میں روشنی نہیں ہوتی تھی۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم مسجد میں تشریف لائے اور مسجد کو روشن پایا تو دریافت فرمایا کہ مسجد میں روشنی کس نے کی ہے ؟
صحابہ نے حضرت تمیم رضی اللہ عنہ کانام بتایا آپ صلی اللہ علیہ وسلم بے حد خوش ہوئے۔ اُن کو دعائیں دیں اور فرمایا اگر میری کوئی لڑکی ہوتی تو میں تمیم سے اس کا نکاح کردیتا۔ا تفاق سے اس وقت نوفل بن حارث رضی اللہ عنہ موجود تھے۔ اُنہوں نے حضرت تمیم رضی اللہ عنہ کو اپنی بیوہ صاحبزادی اُم المغیرہ رضی اللہ عنہاکارشتہ پیش کیا آپ نے اسی مجلس میں اُم المغیرہ رضی اللہ عنہا سے حضرت تمیم داری رضی اللہ عنہ کا نکاح کردیا ۔(بکھرے موتی )
